صوبائی دارالحکومت کے علاقہ جوہر ٹاون میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، 21 زخمی

99
صوبائی دارالحکومت کے علاقہ جوہر ٹاون میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، 21 زخمی

لاہور ۔23جون (اے پی پی):صوبائی دارلحکومت کے علاقہ جوہر ٹائون میں دھماکہ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت21 افراد زخمی ہو گئے ۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بدھ کے روز جوہر ٹائون میں واقع احسان ممتاز ہسپتال کے قریب دھماکہ کے نتیجہ میں ایک سالہ عبدالمالک‘27 سالہ عنبرین ‘23سالہ ماحم اظہر‘19سالہ ام رباب‘20 سالہ مقدس شاہد‘5 سالہ عبداللکام‘8 سالہ حسن علی‘28 سالہ لیاقت علی‘12 سالہ نثار‘37 سالہ نامعلوم‘8سالہ محمد عمر‘28 سالہ صفیعہ‘20 سالہ فریحہ‘28 سالہ زاہدہ‘26 سالہ محمد عاطف‘25 سالہ عبدالرحمان‘18 سالہ رمشہ جاوید‘20 سالہ اریج آصف‘32 سالہ جاوید‘30 سالہ پولیس اہلکارطاہر اور 23 سالہ انتظار زخمی جبکہ 30 سالہ عبدالخالق‘40 سالہ نامعلو م اور5 سالہ عبدالحق جاں بحق ہو گئے۔

دھماکہ اتنی شدید نوعیت کا تھا کہ کئی گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور ایک رکشہ تباہ ہو گیا، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے سے ایک گھر بھی شدید متاثر ہوا ‘دھماکے کی جگہ پر کئی فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا‘ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو جناح ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔

کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایات پر ڈی سی لاہور اور اے سی ماڈل ٹاﺅن فوری موقع پر پہنچ گئے ‘لیسکو اور سوئی گیس کے افسران اور عملہ کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا‘سی ٹی او لاہور منتظر مہدی فوری جائے حادثہ پر پہنچے اورامدادی سرگرمیوں کےلئے ڈرائیورشن لگا دی تاکہ ایمبولینس اور ریسکیو کو زیرو روٹ فراہم کیا جا سکے‘

بم ڈسپوزایبل سکواڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کر دی۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے دھماکے کا نوٹس لے لیا اورآئی جی پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی،

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے‘زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور علاج معالجے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔آئی جی پنجاب انعام غنی اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر جناح ہسپتال پہنچے ‘ڈی آئی آپریشنزساجد کیانی،

ایس ایس پی انوسٹی گیشن بھی موقعہ پر موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی‘زخمیوں کی صحتیابی اور سہولیات بارے ڈاکٹرز سے استفسار کیا، انہوں نے ڈاکٹرز سے بہترین علاج ومعالجے کی ہدایت کی۔بعد ازاںوزیر اعلی کی ہدایت پر آئی جی پنجاب انعام غنی پنجاب اسمبلی پہنچ گئے اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو کو دھماکہ کی رپورٹ پیش کی۔

واقعہ کی اطلاع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد بھی جناح ہسپتال پہنچ گئیں‘پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرعارف تجمل،ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹریحیی سلطان اور سینئرپروفیسرزبھی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔

وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے جوہرٹاﺅن بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔پروفیسرڈاکٹرعارف تجمل نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو جوہرٹائون بم دھماکے کے زخمیوں کو مہیاکی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ جناح ہسپتال میں جوہرٹائو ن دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں‘پرنسپل عارف تجمل اور ایم ایس ڈاکٹریحیی سلطان زخمیوں کے علاج کی خود نگرانی کررہے ہیں‘سینئرپروفیسرزکی مشترکہ ٹیم کی نگرانی میں بم دھماکے کے زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے جوہرٹاﺅن میں دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردپاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

واقعہ کے بعد شہر بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی‘ڈی آئی جی آپریشنزساجد کیانی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ شہرکی داخلی و خارجی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کیا جائے‘افسران شہر بھرکی مارکیٹوں، بازوروں اور حساس مقامات کی بھرپور سکیورٹی کے لئے ہرممکن اقدامات کریں‘مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں، گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہاکہ تما م پولیس افسران و جوان الرٹ رہیں، ایس پی ڈولفن راشد ہدایت کو ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹس ٹیموں کے گشت کی نگرانی خودکریں۔ترجمان ریسکیو 1122 نے کہاکہ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔