ملک کے ہر شہری کو منشیات کے خاتمے میں اپنے حصہ کا کردار ادا کرنا چاہیے ، اعجاز شاہ

58

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے ہر شہری کو منشیات کے خاتمے میں اپنے حصہ کا کردار ادا کرنا چاہیے۔  ہفتہ کو یہاں عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر منعقدہ واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منشیات کی وبا کو کنٹرول نہ کیا توآئندہ پانچ سے دس سالوں میں موسمی تبدیلیوں کی طرح یہ بھی تنگ کرے گی، منشیات کے استعمال میں آخری سٹیج انسان کو پاگل کر دیتی ہے، انسداد منشیات کے خلاف جنگ صرف اینٹی نارکوٹیکس فورس کا کام نہیں ہے، ملک کے ہر شہری کو منشیات کے خاتمے کیخلاف مہم چلانا ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے انسداد منشیات فورس میں بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے،نئی بھرتیوں سے منشیات کے خلاف جاری جنگ میں مدد ملے گی، فورس کی استعداد کار بہتر بنانے کے لئے بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے جس سے منشیات کے خلاف جنگ کو مزید تقویت ملے گئی، اے این ایف کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور شہدا کے خاندانوں کے لئے بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلی محلے میں پینے والا نہیں بلکہ غیر قانوی کاروبار کےذریعے بیچنے والا اس کا ذمہ دار ہے، منشیات کے عادی افراد کو مریض کی طرح ڈیل کریں۔ اعجاز شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات فروشوں کی نشاندہی کرنے سے نہ گھبرائیں اور اے این ایف کو اطلاع دے کر اپنی ذمہ داری پوری کریں۔