ملتان۔27جون (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب کے لئے 33فیصد علیحدہ بجٹ مختص ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ علیحدہ بجٹ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کے ا زالے کا آغاز ثابت ہو گا،وسیب کی تقدیر بدلنے کے لئے تمام اختیارات کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل ہونا ضروری ہے،ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوارکے روزجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورہ اوربعدازاں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ہر شہر اور قصبے میں یکساں ترقی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے اورحکومت عوام سے جنوب پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ نبھائے گی کیونکہ علیحدہ صوبے کا قیام خطے کی تیز ترین ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا مطالبہ تمام تعصبات سے بالاتر ہے، ترقیاتی فنڈز منصوبوں پرخرچ کرنے کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
اس موقع پرایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے ان کی بروقت تکمیل ضروری ہے اوراس مقصد کے لئے وزیراعلی عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے لئے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 1کھرب 89 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اورنئے مالی سال میں جنوبی پنجاب میں 2491ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے جس کے لئے مکمل پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے بھرپور مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام سیکرٹریز اورچیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ بھی موجودتھے۔