اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پانی کی قلت کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔کراچی کو پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نےکراچی میں پانی کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں کراچی میں پانی کی قلت کے حل کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو پانی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر ہونے والے پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی وپٹرولیم حماد اظہر، ممبر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی،سی ای او حبکو، کامران کمال اور دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ممبر سندھ اسمبلی سمر خان نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ پانی کی قلت کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کراچی کو روزانہ 1100 سے 1200 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے،
انہوں نے کہاکہ کراچی کیلئے پانی کے منصوبے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت ہے، کراچی کو پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں،
صدر مملکت نے کہاکہ کراچی کے مسائل کا جلد حل اور شہریوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے،متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مربوط کوششوں سے مسائل کا جلد حل ممکن ہے۔