پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو بااختیار بنانا چاہتےہیں ،وزیرمملکت اطلاعات و نشریات اطلاعات فرخ حبیب کا ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے کے حوالے سے تقریب سے خطاب

36

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو بااختیار بنانا چاہتےہیں ،جرنلسٹس میڈیا پروٹیکشن بل قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کے پاس ہے، بلاول بھٹو جلد بل کو حتمی شکل دیں تاکہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے،ملکی برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو سرپلس میں تبدیل کردیا ہے، ٹیکس محصولات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، کھیلوں کے صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں ، وزارت اطلاعات و نشریات صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے۔

وہ جمعہ کو ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قومی سلامتی کے معاملے پر سب کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نواز شریف کو اشتہاری اور مفرور قرار دے چکی ہے،عدالت عالیہ نوازشریف کی سزائیں بھی بحال کرچکی ہیں ،نوازشریف اب بھی ملک واپس نہ آئے پھر سرٹیفائیڈ بھگوڑے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ صحافیوں کے رہائشی مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کریں،صحافیوں کو صحت کارڈ پروگرام میں بھی شامل کرنا چاہتےہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں برآمد کنندگان کو ریکارڈ ٹیکس ریفنڈ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان غریب طبقے کو صرف مالی امداد ہی نہیں بلکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتےہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں واضح انداز میں قومی حمیت اور خودداری کا مقدمہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ شریف فیملی اقتدار میں آکر بھاگتے دوڑتے نظر آتے ہیں جبکہ عدالتوں اور جیل میں بیمار بن جاتے ہیں۔