اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):چیئرمین پارلیمنٹری کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ملکی معیشت کو صحیح سمت پر لانے کیلئے مشکل فیصلے کئے جن کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں، حکومت نے ملک میں میرٹ، شفافیت اور بلاتفریق احتساب کو فروغ دے کر گڈگورننس کی تاریخی مثال قائم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے سابقہ بدعنوان حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی مجرمانہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے تمام ریاستی ادارے تباہ ہوئے تاہم موجودہ حکومت اداروں کو مضبوط کرنے، امیر اور غریب کے درمیان فرق کو کم کرنے کیلئے اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے ادوار میں توانائی کے مسائل پر قابو پانے کی طرف توجہ نہیں دی تاہم تحریک انصاف حکومت توانائی بحران ختم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سابقہ حکومتیں بجلی چوری ختم کرنے کی بجائے خود بجلی چوری شیئر ہولڈر رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شہریار آفریدی نے یقین دلایا کہ عام آدمی کو سستی بجلی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں موجودہ حکومت کی معاشی کارکردگی میں بتدریج بہتری آئی ہے، حکومت کی جانب سے تعمیراتی صنعت کو دی گئی سبسڈی کی بدولت برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے کو آیا ہے اور آگے چل کر ملک میں معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ ملک معاشی گروتھ اور استحکام کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے اور اس وقت حکومت کا اصل مقصد ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے تاکہ نوجوانوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔