وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب کی عوامی مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہری ،کئی درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے

89

فیصل آباد۔4جولائی (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے اتوار کی دوپہر عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنے مرکزی سیکرٹریٹ سمن آبادفیصل آبادمیں کھلی کچہری کا انعقادکیا اورشہریوں کی مختلف محکموں کے خلاف شکایات سمیت سیوریج،پانی،بجلی کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروانے کے ساتھ ساتھ بعض مشکلات کے ازالہ کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

اس موقع پر فرخ حبیب نے کہا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں جبکہ ان کے دروازے شہریوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پونے 3 سالانہ دوراقتدار میں حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں اور مزید تعمیراتی و ترقیاتی سکیموں اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں سے ملکر ان کے مسائل کا ادراک ہوتا ہے بلکہ یہی ہماری آنکھیں اور کان ہیں۔

وزیر مملکت اطلاعات ونشریات نے عوامی مسائل کے حل کیلئے لگائی گئی کھلی کچہری کے دوران میڈیا سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور انہیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی وزیراعظم کا ویژن اور ہماری سیاست کا محور ہے جس کیلئے تمام وسائل بتوئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلاامتیاز کروڑوں روپے کی لاگت سے حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دستیاب ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی عوامی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں اور انشاللہ عوام بہت جلد نمایاں تبدیلی محسوس کریں گے۔