پاکستان میں دہشتگردی واقعات میں بھارت کا ہاتھ ہے، شاہ محمود قریشی

35

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں کہ بھارت نہ صرف دہشتگردی کی پشت پناہی کر رہا ہے بلکہ انہیں مالی مدد اور تربیت بھی دیتا ہے، لاہور جوہر ٹائون دھماکے میں بھی بھارت ملوث ہے، پاکستان میں دہشتگردی کا واقعہ ٹیرر فنانسنگ ہے اور ہم شواہد عالمی برادری کے ساتھ شیئر کریں گے، امید ہے کہ فیٹیف اور عالمی برادری اس معاملے پر حرکت میں آئے گی اور پاکستان کا ساتھ دے گی۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ بھارتی دہشتگردی کے واقعات پر ڈوزیئر بنائے تھے، لاہور جوہر ٹائون دھماکے کے بعد ہمارے پاس مزید شواہد بھی آ گئے ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی واقعات میں بھارت کا ہاتھ ہے اور ہم تمام شواہد عالمی برادری کے ساتھ شیئر کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹیرر فنانسنگ کو چیک کرنا فیٹیف کا بنیادی کام ہے، پاکستان میں دہشتگردی واقعہ ٹیرر فنانسنگ کا واضح کیس ہے، ہم اور متاثرہ شہرہ توقع کرتے ہیں کہ فیٹیف اس معاملے میں حرکت میں آئے گا۔