اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عالمی سازش ہے کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں دہشتگردی اور تخریب کاری کے واقعات کئے جائیں، ہمیں سینڈوچ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ہم ان چیلنجز میں سرخرو ہو کر نکلیں گے، بھارت اپنی حرکات سے باز نہیں آ رہا اسلئے ہمیں سخت اور جاندار کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے لئے ملک کی سلامتی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے، قومی سلامتی اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ پاکستان پہلے اور سیاست بعد میں، ، پی ڈی ایم ختم ہو گئی ہے، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ن لیگی قائدین کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، شہباز شریف جتنی مرضی کوشش کر کے دیکھ لیں بالاخر انہوں نے ٹھس ہونا ہے۔
اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ لاہور جوہر ٹائون دھماکے میں بھارت ملوث ہے اور میں نے پہلے دن ہی کہہ دیا تھا، ہمارے پاس بھارت کے خلاف دہشتگردی کے تمام ثبوت موجود ہیں، کراچی میں دہشتگردوں کا ایک بڑا گروہ پکڑا گیا ہے جس کا کریڈٹ پولیس کو جاتا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو مشرقی اور مغربی سرحد پر سیکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، افغانستان کا مسئلہ ایک بڑا ایشو بننے جا رہا ہے، وہاں سے پاکستان کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے لیکن بھارت کو پتا نہیں کہ ہماری ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بہت ٹرینڈ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت وزارت داخلہ سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تمام تر توجہ افغانستان پر مرکوز ہے کہ جلد از جلد باڑ لگ جائے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے فیٹیف کے معاملے پر بڑی محنت کی ہے اور ہمارے 26 پوائنٹس کو تسلیم کر لیا گیا ہے، ایک پوائنٹ جو رہ گیا ہے اس پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہو گئی ہے اور حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خوف نہیں ہے، اب مہینے ڈیڑھ مہینے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اچھے تعلقات ہوں گے اور قومی سلامتی کی سیاست ہو گی، قومی سلامتی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان پہلے اور سیاست بعد میں، وہ وقت آنے والا ہے جب حکومت اور اپوزیشن مل کر پاکستان پہلے کی سیاست پر عمل پیرا ہوں گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حالات میں جلسے کرنا خطرے کی علامت ہے، پی ڈی ایم نے پہلے بھی جلسے کر لئے انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا، اسی طرح آگے بھی عوام انہیں مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں ہے، میں نے پہلے کہا تھا کہ ن سے ش نکلے گی تو میرا مذاق اڑایا گیا، مریم نواز اور شہباز شریف کی سیاست میں بہت فرق ہے، شہباز شریف خود کو مختلف صورت میں پیش کرنا چاہتے ہیں انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف بدعنوانی کے سنگین کیسز ہیں ان کے بچنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔