کارکردگی میں اضافے،اخراجات میں کمی اور خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے سرکاری اداروں کو سہولیات اور بلڈنگ مینجمنٹ کے عالمی معیارات اپنانے چاہئیں، ڈاکٹر عارف علوی

41

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کارکردگی میں اضافے،اخراجات میں کمی اور خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے سرکاری اداروں کو سہولیات اور بلڈنگ مینجمنٹ کے عالمی معیارات اپنانے چاہئیں، ایوانِ صدر کی تمام سہولیات و خدمات کی آئی ایس او 41001 معیارات کے مطابق دستاویز کاری سے ایوان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور اس کے اثاثوں کی معیاد میں اضافہ ہوگا۔

وہ منگل کو یہاں ایوانِ صدر کو آئی ایس او معیار کے مطابق ڈھالنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایوان صدر کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پائیدار اور ماحول دوست طریقے اپنانے میں ایوان صدر کو دیگر اداروں کے لئے رول ماڈل بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصان دہ اثرات پر قابو پانے کے لئے قابل تجدید توانائی اپنانے کی ضرورت ہے۔

ایوانِ صدر میں توانائی کے انتظام سے متعلق آئی ایس آئی 50001 معیارات کو اپنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ جدید توانائی کے نظام سے سالانہ 3 کروڑ سے زائد کی بچت ہو گی، قابل تجدید توانائی کے جدید نظام سے بجلی کی کھپت میں 31.2 فیصد کمی واقع ہوگی جبکہ ایوانِ صدر کا 1میگاواٹ شمسی نظام ضرورت سے زائد توانائی نیشنل گرڈ کو دے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا ایوان صدر گرین ٹیکنالوجی پر چلنے والے دنیا کے چند صدارتی دفاتر میں شامل ہے۔