اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے دلیپ کمار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی فراخدلی کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ ہسپتال منصوبے کے لئے فنڈز اکٹھے کرنے میں ان کی مدد اور فراخدلی کو فراموش نہیں کیاجاسکتا۔
شوکت خانم کینسر ہسپتال کے منصوبے کے لئے ابتدائی 10 فیصد فنڈز جمع کرنے کے مشکل مرحلے پرپاکستان اور لندن میں منعقدہ تقاریب میں دلیپ کمار کی شرکت سے ہمیں اس ہسپتال کی تعمیر کے لئے خطیر فنڈز جمع کرنے میں مدد ملی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میری عمر کی نسل کے لئے دلیپ کمار ایک عظیم اور ورسٹائل ادا کار تھے۔