وزیراعظم عمران خان کی سرکاری ملازمین کی کارکردگی رپورٹ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ان کی کارکردگی سے منسلک کیے جانے کا حکم

75

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے عوامی شکایات کے حل کیلئے ایک اور تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں کہ سرکاری ملازمین کی کارکردگی رپورٹ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ان کی کارکردگی سے منسلک کی جائے۔

پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط ارسال کردیا گیا ہے کہ وہ سرکاری ملازمین کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے نئے طریقے اختیار کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کو عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے ان کی کارکردگی سے منسلک کریں۔ پی ایم ڈی یو کے مطابق عوام کے مسائل کا حل کسی بھی سرکاری ملازم کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

پی ایم ڈی یو نے زور دیا کے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی شکایات کے موثر اور فوری حل سے ان کا اطمینان سرکاری ملازم کی کارکردگی کی جانچ کا بہترین طریقہ ہے۔