راولپنڈی۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیوٹی اینڈ ریسرچ سکند حیات خان بوسن نے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت میںریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اور موجودہ حکومت نے اس شعبے کی ترقی کے لئے متعدد زرعی منصوبے شروع کئے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں کسان میلہ ا ور بائیو انرجی یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ جس کا انعقاد یونیورسٹی نے لوک سانجھ فاﺅنڈیشن کے تعاون سے کیا تھا جس میں یوتھ سیشن، ٹیبلیو اور مختلف سٹالز بھی لگائے گئے ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد، سینیٹر نجمہ حمید ، فیکلٹی ممبران، طلباءاور کسانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پرسٹالز کا دورہ کیا اور یونیورسٹی میں بائیو انرجی یونٹ ، لانگ ٹینس اور باسکٹ بال کورٹ کا بھی افتتاح کیا۔ ا وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لئے بھرپور کام کر رہی ہے تا کہ کسانوں کی آمدن کو بہتر بنایا جا سکے، کسان پیکیج اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، اس پیکج سے چھوٹے کسان بھرپور فائدہ حاصل کریں گے۔