مقبوضہ جموں وکشمیر ،یوم شہداء کے موقع پر مکمل ہڑتال

43
مقبوضہ جموں وکشمیر ،یوم شہداء کے موقع پر مکمل ہڑتال

سرینگر۔13جولائی (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں منگل کو ”یوم شہداء” کے موقع پر مکمل ہڑتال رہی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 13جولائی1931 کو ڈوگرہ مہاراجہ کے فوجیوں نے سرینگر سینٹرل جیل کے باہر یکے بعد دیگرے 22کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا ۔

ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے دی تھی جبکہ تمام آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ۔ اس دوران تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند اورسڑکوں پر ٹریفک معطل رہی ۔

کشمیریوں کو مزارشہدا سرینگر کی طرف جانے سے روکنے کیلئے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کیاگیا تھا ۔بھارتی فورسز نے مزار شہداء نقشبند صاحب سرینگر کی طرف جانےوالی تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کی جہاں13جولائی کے شہداء دفن ہیں۔یاد رہے کہ 13جولائی 1931ء کو ڈوگرہ مہاراجہ کے فوجیوں نے یکے بعد دیگرے 22کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا جب وہ سرینگرسینٹرل جیل کے باہرعبدالقدیر نامی ایک شخص کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر جمع تھے جس نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکمرانی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کیلئے کہا تھا۔