وزیر خارجہ کی دوشنبے میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے اپنے ہم منصب سے ملاقات

47

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو دوشنبے میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے اپنے ہم منصب عبدالعزیز کامیلوف سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مستحکم دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے خصوصی توجہ اور اہمیت کا مظہر قرار دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان زمینی و ہوائی روابط کے فروغ اور توانائی سے متعلقہ منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین ،ایس سی او سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو خوش آئند قرار دیا اور اسے مزید مستحکم بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔

ازبک وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ازبک وزیر خارجہ نے پاکستان کے جیو اکنامک وژن کی تعریف کرتے ہوئے اسے ازبکستان کے اقتصادی وژن کے مطابق قرار دیا اور کہا کہ ان کی قیادت وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ اور پاکستانی وفد کی تاشقند میں منعقدہ کاسا کانفرنس میں آمد کے منتظر ہیں۔