وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

100

اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی اگر ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے گا تو ریاست اس کے خلاف قانونی طریقہ استعمال کرتے ہوئے کاروائی عمل میںلائے گی، جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دارالحکومت کو لاک ڈاﺅن کر کے قومی اداروں پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، انہوں نے ماضی میں بھی اپنے دھرنے کے دوران پارلیمنٹ سمیت پاکستان ٹیلی ویژن پر بھی حملہ کیا، ہمارے پاس ٹھوس اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی کی اب بھی منصوبہ بندی تھی کہ پی کیو آر پر قبضہ کیا جائے جس میں وزارت خزانہ، وزارت داخلہ اور وزارت منصوبہ بندی شامل ہیں اور یہی ان کا لاک ڈاﺅن تھا جسے نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ 2014ءکے دھرنے میں حکومت نے کافی نرمی اور تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن اس نرمی اور تحمل کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اس لیے اب جو بھی غیر قانونی کام کرے گا قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی عدالت عوام کی عدالت ہے جو پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور اپنے ووٹ کی طاقت سے ہمیں کامیاب کرتی ہے،ہم پر عزم ہیں کہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018ءکے انتخابات مین بھی عوام کی عدالت میںسرخرو ہو کر جائیں گے، ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری فوج نے ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کے لیے جو عظیم قربانیاں دی ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ملک بھر میں امن و مان کی صورت حال میں کافی بہتری آئی ہے