ہمیں پاک فوج پر فخر ہے، فوج کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا ناممکن ہے، اپوزیشن جماعتوں کو جمہوری رویہ اختیار کرنا چاہیے، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات

46

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ہمیں پاک فوج پر فخر ہے، فوج کی قربانیوں کو نظر انداز کرنا ناممکن ہے، اپوزیشن جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ڈیمو بھی نہیں دیکھا اور اس کی مخالفت کرنا شروع کر دی، اپوزیشن جماعتوں کو جمہوری رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں پاک فوج نے قطعاً پریذائیڈنٹ آفیسران کی ڈیوٹی کی اور نہ ہی ووٹوں کی گنتی کی ڈیوٹی کی، فوج کی ذمہ داری سیکورٹی امور کی حد تک تھی، پاکستان کا آئین اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جب کوئی بھی حکومت کسی بھی جلسے جلوس یا کسی بھی دیگر ایشو کے موقع پر امن و امان کے قیام یا دیگر مدد و تعاون کے لئے اگر ضروری سمجھے تو فوج کو بلا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک فوج پر فخر ہے، پاک فوج کے جوان پاکستان کے امن و امان اور سلامتی کے لئے سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے ہیں، سیلاب، زلزلہ، کورونا وباء سمیت جب بھی ضرورت ہوئی پاک فوج نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ڈیمو بھی نہیں دیکھا اور اس کی مخالفت کرنا شروع کر دی، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ رابطہ میں ہیں، الیکشن کمیشن نے اپنی ٹیکنیکل ایویلیوایشن کمیٹی بنا دی ہے جو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے تمام چیزوں کو دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہیک نہیں ہو سکتی، جو کوئی بھی ووٹ کاسٹ کرے گا اسی وقت اس کی پیپر ٹریل مشین سے نکلے گی جس کو بعد میں کائونٹر ویریفائی بھی کیا جا سکتا ہے، اسی طرح جیسے ہی پولنگ کا وقت ختم ہوگا فارم 45 فوری حاصل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن جماعتوں کو اپنے خلاف کیسز میں مدد نہیں مل رہی اور نہ ہی کوئی این آر او مل رہا ہے، اسی لئے یہ لوگ قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، اپوزیشن کو جمہوری رویہ اختیار کرنا چاہیے۔