پاک فوج کشمیر کاز کے لئے کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھے گی، جنرل قمر جاوید باجوہ

68
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی ۔4ستمبر (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یقین دلایا ہے کہ پاک فوج کشمیر کاز کے لئے کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہفتہ کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے آزادکشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات سمیت مقبوضہ علاقے اور کنٹرول لائن کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔پاک فوج کے سربراہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے تاریخی اور بے لوث جدوجہد پر سید علی گیلانی کو خراج عقید ت پیش کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی اور کشمیر کی خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادجموں وکشمیر کی سیکورٹی اور ترقی کے حوالے سے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔