بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دے کر تاریخ رقم کردی

118

میرپور۔8ستمبر (اے پی پی):بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹونٹی سیریز میں پہلی مرتبہ شکست دے کر تاریخ رقم کردی، چوتھے ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کا 94 رنز کا ہدف بنگلہ دیش نے 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی، ناسم احمد کو شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بدھ کو شیر بنگلہ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے پانچ ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ناسم حسین اور مستفیض الرحمان کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت کیوی 93 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ ول ینگ نے 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان ٹام لیتھم 21 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

ان کے علاوہ کوئی کیوی بلے باز بنگلہ دیشی بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا۔ ناسم احمد نے 10 رنز کے عوض 4 اور مستفیض الرحمان نے 13 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ مہدی حسن اور محمد سیف الدین نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بنگلہ دیش نے 94 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

کپتان محمد اللہ نے 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نائم 29 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ نیوزی لینڈ کے سپنر اعجاز پٹیل نے دو جبکہ کول میک کونچے نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیشی بائولر ناسم احمد کو شاندار بائولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس طرح بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کرلی۔ واضح رہے بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹونٹی سیریز جیتی ہے۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش نے آسٹریلیا کو بھی گزشتہ ماہ تاریخی شکست سے دوچار کیا تھا۔