اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) پاکستان میں شفاف انتخابات کی ضامن ہیں، حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے تعمیری تجاویز لینے کے لئے تیار ہے۔
جمعہ کو یہاں ” الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات“ کے موضوع پر ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات آزاد اور قابل اعتماد انتخابات کے لئے ضروری اور ہماری آنے والی نسلوں کے لئے اہم ہیں۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کے زیر اہتمام ہونے والے ویبینار میں مختلف تنظیموں کے انتخابی امور کے ماہرین نے شرکت کی۔ فافن کے سرور باری، پلڈاٹ کے احمد بلال محبوب اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے بھی ویبینار میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات آزاد اور قابل اعتماد انتخابات کے لئے ضروری ہیں، ہمیں ٹیکنالوجی کی طرف بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابی اصلاحات کے لئے سخت محنت کی ہے اور یہ اصلاحات انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں ہمیں اپنی نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہئے، حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے تعمیری تجاویز لینے کے لئے تیار ہے۔
ویبینار میں شریک ماہرین اور شرکاءنے کہا کہ 2013 اور 2018 کے انتخابات میں سب سے بڑا مسئلہ فارم 45 تھا، پاکستان میں ووٹنگ کے دوران 3 فیصد سے زائد ووٹ ضائع ہوتے ہیں اور نتائج کا اعلان تاخیر سے ہوتا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات ان مسائل کو حل کریں گی۔ شرکاءنے کہا کہ حکومت، الیکشن کمیشن، اپوزیشن اور نادرا کو مل کر اس کا موثر حل تلاش کرنا اور ٹیکنالوجی اور انتخابی اصلاحات کی طرف بڑھنا چاہیے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم الحق نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک الیکٹرانک ووٹنگ کے لیے اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں، پاکستان کو آگے بڑھ کر ان اصلاحات اور نئے طریقوں پر غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ملک میں الیکشن کمیشن کا ریسرچ ونگ ہوتا ہے۔
پاکستان میں تحقیق کا فقدان ہے اور ہمیں اس پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے ذاتی رائے اور آراءکی بجائے تحقیق پر مبنی ہونے چاہئیں۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، ماہرین اور ویبینار کے شرکاءنے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کو ویبینار کے اہتمام اور سیاسی اور سماجی مسائل کے حل کےلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔