سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس ،سٹریٹ چلڈرن کو ریسکیو، بحالی، تعلیم و تربیت اور رہائش فراہم کر کے کارآمد شہری بنانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا

52

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت جمعہ کو منعقدہ اجلاس میں سٹریٹ چلڈرن کو ریسکیو، بحالی، تعلیم و تربیت اور رہائش فراہم کر کے کارآمد شہری بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد سے ممبران قومی اسمبلی، چیئرمین KORT اور چیئر مین پاکستان سویٹ ہومز، انسپکٹر جنرل پولیس اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شرکت کی۔

اجلاس میں سپیکر کی جانب سے تشکیل دی گئی اسلام آباد میں اسٹریٹ چلڈرن پر کام کرنے والی خصوصی ٹاسک فورس کی طرف سے اب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔سپیکر نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر مناسب جگہ یا (خالی سرکاری عمارت) کی نشاندہی کرے اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر بحالی مرکز کے قیام کے عمل کو یقینی بنائیں تاکہ معاشرے کے اس کمزور طبقے کو مجرموں کے چنگل سے بچایا جا سکے۔

سپیکر نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ان مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں جو اسٹریٹ چلڈرن کو مجرم بنانے میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن بحالی مرکز کو ضروری سیکورٹی فراہم کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ چلڈرنز کو رہائش، خوراک اور تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

کشمیر یتیم ریلیف ٹرسٹ (KORT) نے یقین دلایا کہ اگر مناسب جگہ مہیا کی گئی تو وہ اسٹریٹ چلڈرن کی بحالی ، تعلیم اور رہائش گاہ کے انتظامات میں مدد کرے گی۔ سپیکر نے اسٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے آگاہی مہم کے لیے وزارت اطلاعات کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ اسٹریٹ چلڈرن کے مسائل کے لیے ایک خصوصی مجسٹریٹ تفویض کریں تاکہ ان سے متعلقہ مقدمات کو بروقت اور روزانہ کی بنیادوں پر نمٹایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں اسٹریٹ چلڈرنز سے متعلقہ تمام زیر التواء بلوں کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو قانونی تحفظ دیا جائے سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے اسٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے مقدمات کو بروقت نمٹانے کے لیے خصوصی جج کی تقرری کے لیے درخواست کی جائے گی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر شریک اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اسلام آباد میں اسٹریٹ چلڈرنز کے ریسکیو اور بحالی کے حوالے سے لائحہ عمل طے کریں۔