پاکستان ، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، ڈنمارک کی حکومت پاکستان میں سیکورٹی اور وبائی صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے لیے سفری ہدایت نامے پر نظر ثانی کرے، شاہ محمود قریشی

100

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، ڈنمارک کی حکومت پاکستان میں سیکورٹی اور وبائی صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے لیے سفری ہدایت نامے پر نظر ثانی کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا۔اس حوالے سے اتوار کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپ کفوڈ نے ٹیلی فون کیا اور دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ، ڈنمارک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جس پر دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے مابین، دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیرخارجہ نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ کو افغانستان سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، عالمی تنظیموں، میڈیا اور دیگر افرادکے محفوظ انخلاکے لئے فراہم کی گئی پاکستانی معاونت سے آگاہ کیا۔

ڈنمارک کے وزیرخارجہ جیب کوفوڈ نے کابل سے ڈنمارک کے شہریوں کو نکالنے میں بھرپور معاونت کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کی حکومت پر زور دیا کہ پاکستان میں سیکورٹی اور وبائی صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے لیے سفری ہدایت نامے پر نظر ثانی کرے۔

وزیر خارجہ نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حوالے سے سے پاکستان کو ڈنمارک کی جانب سے ملنے والی مسلسل حمایت پر، ڈنمارک کے وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ڈنمارک کے اپنے ہم منصب کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی،جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا اور جلد دورہ پاکستان کا عندیہ دیا۔ ڈنمارک کے وزیرخارجہ جیب کوفوڈ نے بھی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ ڈنمارک کی دعوت دی۔