اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے، احتسابی عمل اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا نے کیلئے جمہوری نظام ہی واحد راستہ ہے، جمہوری نظام کے تحت تمام سیاسی جماعتیں ترقی و خوشحالی اور عوامی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں جو کسی بھی ملک کیلئے پائیدار امن اور ترقی کا پیش خیمہ بنتا ہے، جمہوریت قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے۔
بدھ کو عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 15 ستمبر عالمی یوم جمہوریت کے طور پر 2008 سے دنیا بھر میں منایا جاتا ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کے فروغ اور بقاء کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2007 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے نتیجے میں 15 ستمبر کو عالمی یوم جمہوریت منانے کافیصلہ کیا گیا تھا۔
پارلیمنٹ کے کردار کے حوالے سے محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ آج ہماری پارلیمنٹ عوامی رسائی،صنف نازک اور نوجوانوں کو شامل کرنے کے متعدد نقطہ نظر کی وجہ سے کہیں زیادہ وسیع اور واضح ہو چکی ہے اور خاص طور پر ایوان بالا نے شاندار جمہوریت کی نئی مثالیں قائم کیں ہیں۔ جمہوریت کے تسلسل کی علامت کیلئے ایوان بالاء نے تعمیری سوچ و فکر کو اْجاگر کیا۔
قانون سازی اور یکساں عوامی نمائندگی کیلئے ملک کی تمام اکائیوں کی آواز بنا۔ ایوان بالا ء صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ملک کی تمام اکائیوں کو مساوی نمائندگی دینے کے توازن کا سنگ میل طے کرچکا ہے جس سے وفاق اور جمہوریت دونوں کو تقویت ملی ہے۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ15 ستمبر انتہائی اہم موقع ہے جس میں ہم ملکی ترقی اورجمہوری اصلاح کے عمل کو آگے بڑھا نے کا جائزہ لے کر شاندار مستقبل کیلئے لائحہ عمل طے کر سکتے ہیں۔ یہ دن جمہوریت کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے اور لوگوں کی فلاح و بہبود، امنگوں اور بہتر طرز زندگی پیدا کرنے کے حوالے بھی اہم دن ہے۔