عالمی برادری افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے، افغان عوام کو انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین سے گفتگو

124

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افغانستان کو انسانی اور معاشی امداد کی اشد ضرورت ہے، طویل جنگ نے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، عالمی برادری کو افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہئے اور اس کے لوگوں کی معاشی اور انسانی امداد جاری رکھنی چاہئے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلپو گرانڈی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے امن اور تعمیر نو کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے گزشتہ چار دہائیوں سے

35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کو صحت اور تعلیم کی سہولیات تک رسائی کے ساتھ ساتھ انہیں بینک اکاؤنٹ کھولنے اور تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو افغانستان میں امن کے فروغ اور گزشتہ 40 سالوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے فلپو گرانڈی کو افغانستان کے لوگوں کے لئے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ حالیہ انسانی امداد اور طبی رسد کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے افغانستان سے بین الاقوامی اداروں اور سفارتی مشنوں کے اراکین کے انخلا میں پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی اور افغانستان میں انسانی امداد بھیجنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔