عوام کے نام پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو عوام 2018 میں مسترد کر چکے ہیں، ڈاکٹر شہباز گِل کا شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل

63

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان اور معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ عوام کے نام پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو عوام 2018 میں مسترد کر چکے ہیں، عدالتوں سے لے کر عالمی میڈیا تک میاں مفرور کرپشن اور چوری سے ہی جانے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل کے اظہار میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ درباری پن سے وزیراعظم بننے والے اپنے حلقے سے ہارے ہیں، آج عوام کے نام پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو عوام 2018 میں مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتوں کے پاؤں پڑنے والے نااہل ملکی بدنامی کا باعث رہے، آج جی حضوری کرنے والا نہیں ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والا غیرت مند وزیراعظم ہے، موصوف اپنے دور کی مہنگائی کو مارکیٹ کنڈیشن گردانتے رہے۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ 2018 کے دگرگوں معاشی حالات کو وزیراعظم عمران خان نے سنبھالا، براڈ شیٹ کے کاوی مساوی نواز شریف کو کرپٹ اور چور کا خطاب دے چکے ہیں، عدالتوں سے لے کر عالمی میڈیا تک میاں مفرور کرپشن اور چوری سے ہی جانے جاتے ہیں، ایسا ممکن نہیں کہ کرپشن کا ذکر ہو اور وہاں شریف خاندان کا نام نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ایئر پورٹ پر "عزت” کرانے والے امریکی فون کے طعنے دے رہے ہیں، پوری زندگی ملکی اداروں کو بدنام کرنے والے اداروں کے تحفظ کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔