اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کا حل بندوق سے نہیں بلکہ ووٹ سے کرایا جائے، کشمیر دنیا کا ایک ایسا خطہ ہے جو تاریخ میں ہمیشہ پر امن رہا، بنیادی انسانی حقوق کو کشمیریوں سے چھین لیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں کشمیر پارلیمنٹری امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حریت رہنمائوں، ینگ پارلیمنٹرینز سمیت برطانیہ اور یورپ کے پارلیمنٹرینز نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیر جیسے اہم مسئلہ پر اس کا نفرنس کا انعقاد انتہائی اہم ہے، کشمیر دنیا کا ایک ایسا خطہ ہے جو تاریخ میں ہمیشہ پر امن رہا۔ انہوںنے کہا کہ قیام پاکستان سے پہلے ڈوگرہ راج میں کشمیر کا امن تباہ ہوا، کشمیر میں اب تک ڈیڑھ لاکھ کشمیریوں کے گھروں کو جلایا گیا، ہر سال ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کیا جاتا ہے، لاکھوں لوگوں کشمیریوں کو شہید کیا گیا، کشمیر میں تقریباً ایک لاکھ سے زائد لوگ یتیم ہو چکے ہیں، بے شمار خواتین کی آبرو ریزی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی ان تکالیف کو برداشت کرتے کرتے دنیا سے چلے گئے، ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء میں بھارت نے قانون ساز اسمبلی کو بائی پاس کر کے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا شہ رگ ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق کشمیر میں رائے شماری کرائی جائے، کشمیر کے مسئلے کا حل بندوق سے نہیں بلکہ ووٹ سے کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے متحد ہو کر آواز بلند کی جائے، کشمیر سارے کا سارا ہمارا ہے۔