معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، وزیراعظم کا نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام منصوبوں پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب

127

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے شاہراہوں کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے فنڈز کے اجرا کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام منصوبوں پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرمواصلات مراد سید، وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیرمواصلات مراد سید نے اجلاس کو تقابلی جائزہ پیش کرتےہوئے آگاہ کیا کہ سابق حکومت کے تین سالوں (16-2013) میں صرف 645 کلومیٹر کی سڑکیں تعمیر ہوئیں اور موجودہ حکومت کے تین سالوں میں کل 1753 کلومیٹر لمبائی کی سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں۔منصوبہ بندی کے حوالے سے گذشتہ دور حکومت کے تین سالوں میں صرف 858 کلو میٹر جبکہ موجودہ حکومت کے تین سالوں میں 6118 کلومیٹر لمبائی پر مشتمل سڑکوں کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی 27 منصوبے مکمل کر لے گی، بلوچستان میں 3000 کلومیٹر سے زیادہ کی سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں، وزیر اعظم کے خود انحصاری کے ویژن کے مطابق منصوبے قرضوں کی بجائے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے مکمل کئے جارہے ہیں۔ اجلاس کو راولپنڈی تا کھاریاں، میانوالی تا مظفرگڑھ اور حیدرآباد تا سکھر شہراہوں پر پیشرفت کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے، اچھی سڑکوں کی وجہ سے گاڑیوں کی مرمت اور پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے اخراجات بھی کم ہو جا ئیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مواصلات کے اہم اور بڑے منصوبوں پر روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کا خود جا ئزہ لوں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لئے فنڈز کا اجرا یقینی بنایا جائے۔