پاکستان ، ترکی اور آذربائیجان کی سہ فریقی فوجی مشق تھری برادرز – 2021 باکو، آذربائجان میں اختتام پذیر ہو گئی

65

راولپنڈی۔22ستمبر (اے پی پی):پاکستان ، ترکی اور آذربائیجان کی سہ فریقی فوجی مشق تھری برادرز – 2021 باکو، آذربائجان میں اختتام پذیر ہو گئی۔ اس مشق میں پاکستان ، ترکی اور آذربائیجان کی خصوصی افواج نے حصہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دو ہفتوں تک جاری رہنے والی اس مشق میں ایک ہائبرڈ منظر نامے میں علاقائی دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت، باہمی تعاون ، مشترکہ قوت کے انضمام اور امفبیئس آپریشنز میں صلاحیتوں کو بڑھانے پر توجہ دی گئی۔

اختتامی مشق کے مہمان خصوصی آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسنوف تھے۔ اس کے علاوہ آذربائیجان کے سروسز چیف ، اسپیشل فورسز آذربائیجان کے کمانڈر جنرل حکمت مرزائیف، قازقستان سے مبصرین اور پاکستان سے میجر جنرل ممتاز حسین بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر مشترکہ تربیت کے آخری مرحلے کا مظاہرہ کیا گیا۔ مختلف ہتھیاروں بشمول کامیکاز ڈرون ، ہیلی کاپٹر اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کے علاوہ سمندری حملے اور فضائی دفاع کا مظاہرہ بھی مشترکہ مشق کا حصہ تھا۔