وزیراعظم عمران خان کا 2023ءانتخابات میں جدید ٹیکنالوجی لانے اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دلانے کیلئے پختہ عزم ہے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

38
پنجاب کالج راولپنڈی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب ، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی شرکت

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2023ءانتخابات میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دلانے کیلئے پختہ عزم کر رکھا ہے، حکومت ہر صورت میں انتخابات میں شفافیت چاہتی ہے اور اس کیلئے قانون سازی کرنا پڑی تو وہ بھی کرے گی، اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ شفاف انتخابات کیلئے تعمیری کردار ادا کرے،

وزیراعظم عمران خان دنیا کی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے جا رہے ہیں، خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال میں انہوں نے بروقت فیصلے کئے، پاکستان جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، امریکہ سمیت کوئی بھی ملک پاکستان کو نظرانداز نہیں کر سکتا، پاکستان دنیا میں امن کا داعی ہے، چاہتے ہیں کہ تمام ممالک مل کر خطے سے غربت اور دہشتگردی کا خاتمہ کریں۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حقیقی سیاسی لیڈر ہیں، وہ نہ صرف اپنی 5 سالہ مدت پوری کریں گے بلکہ 2023ءانتخابات میں بھی ان کی جیت کے قوی امکانات ہیں، حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو کوئی تھریٹ الرٹ نہیں تھا، ہم نے میچز کیلئے سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کر رکھے تھے،

جعلی ای میل کے ذریعے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں غلط فہمی پیدا کی گئی جس سے وہ گھبرا کر واپس جانے کیلئے بضد ہو گئی اور ہم نے اس کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اسے احترام کے ساتھ واپس روانہ کیا، دستانے اور ماسک پہنے ہوئے لوگ ملک کے امیج کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے لیکن ہم ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہونے کے باوجود دنیا میں امن کا داعی ہے، پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کلیدی کردار ادا کیا اور طالبان اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لائے، ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی، ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان مستحکم ہو تاکہ پاکستان میں موجود 30 لاکھ افغان مہاجرین باعزت طریقے کے ساتھ واپس اپنے وطن جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں مفاد کا رشتہ سب سے بڑا ہے، کوئی بھی ملک نیوٹرل نہیں ہے، امریکہ نے روس کے خلاف جنگ میں طالبان کی ہرطرح سے معاونت کی، اب امریکہ نے خود افغان جنگ میں کھربوں ڈالر لگائے اور اس کے باوجود اسے سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، وزیراعظم عمران خان نے افغان مسئلہ پر دوٹوک موقف اختیار کیا کہ پاکستان کسی بھی ملک کو کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا،

ہم چاہتے ہیں کہ تمام ہمسایہ ممالک خطے سے دہشتگردی اور غربت ختم کرنے کیلئے مل کر کام کریں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، وہ ایک بزدل آدمی ہے جو بیماری کا بہانہ بنا کر لندن میں بیٹھا ہوا ہے، نواز شریف کو بہت بڑی غلط فہمی ہے عوام اس کیلئے بے تاب ہیں، عوام ان کی لوٹ کھسوٹ سے بخوبی آگاہ ہیں،

اگر نواز شریف واپس وطن آئے تو انہیں جیل میں جانا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کی چوائس ہیں اور میں عمران خان کے فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں، میرے لئے نالہ لئی ایک ایشو ہے، امید ہے کہ اسی حکومت کے دور میں یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔