نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی سیریز منسوخ ہونے کے بعد قومی کھلاڑی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کیلئے پر جوش ہیں،سینیٹر فیصل جاوید

48
کپتان اپنی قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، سینیٹر فیصل جاوید خان

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز منسوخ ہونے کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں اور وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے پر جوش ہیں، ورلڈ کپ کے ابتدائی دونوں میچز اہم ہیں، اگر ٹیم پہلے دونوں میچز جیت گئی تو وہ انشاءاللہ ورلڈ کپ جیت کر واپس وطن آئے گی۔

بدھ کو پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، پاکستان کھیلوں اور سیاحت کیلئے محفوظ ملک ہے، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ متبادل مقام پر سیریز نہیں کھیلے گا، جس ٹیم نے بھی سیریز کھیلنی ہے اسے پاکستان آنا پڑے گا اور انشاءاللہ تمام ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلیں گی، بھارت نے جعلی اکائونٹ بنا کر نیوزی لینڈ ٹیم کو دھمکیاں دی ہیں، پاکستان بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتا رہے گا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو میچ جیتنے کیلئے زبردست ٹپس دی ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ہار کا خوف دل سے نکال کر جیت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں تو فتح آپ کا مقدر ہو گی، اگر آپ لڑ کر ہار بھی گئے تو قوم پھر بھی آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ آپ ملک کے سفیر ہیں، جب آپ بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کیلئے جاتے ہیں تو ذات سے نکل کر ملک کیلئے جان لڑا کر کھیلیں، پیسوں کے لالچ میں کبھی ضمیر کا سودا نہ کریں، کرکٹ میں ایمانداری اور مخلصی بہت اہم ہے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو چکی ہے، پاکستان حال ہی میں پاکستان سپر لیگ، کشمیر پریمیئر لیگ سمیت کئی بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف کامیاب سیریز کی میزبانی کر چکا ہے، دنیا کے ممتاز جرائد نے پاکستان کو 2021ءٹاپ سیاحتی مقامات میں سے ایک قرار دیا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دورہ پاکستان کے دوران کہا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی سے سیاحت تک کا جو سفر طے کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور بھارت کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی اسلئے وہ ہر وقت پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف رہتا ہے، پاکستان سیریز کی منسوخی کے معاملے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور سفارتی سطح پر اٹھائے گا اور ہم بھارت کے چہرے کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہیں، حکومت جعلی خبروں کا سدباب کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے گی لیکن قطعی طور پر میڈیا کے اوپر کوئی قدغن نہیں لگائی جائے گی، حکومت، میڈیا اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر جعلی خبروں کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔