اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے افغانستان سے متعلق چین،روس اور پاکستان کے خصوصی نمائندوں سفیر یو ژیاونگ ، سفیر ضمیر کابلوف اور سفیر محمد صادق نے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی تازہ ترین سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری خارجہ نے خصوصی ایلچیوں کے دورہ کابل کو سراہتے ہوئے پرامن ، مستحکم ، خودمختار اور خوشحال افغانستان کے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
سیکرٹری خارجہ نے اس توقع ظاہر کی کہ حکومت افغانستان میں افغانستان میں پائیدار استحکام کے لیے اقدامات کرتی رہے گی۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کے موجودہ معاشی اشارئے تشویش کا باعث ہیں۔ معاشی بدحالی کے نتیجے میں پڑوسی ممالک میں مہاجرین کی آمد کی نئی لہر پیدا ہو سکتی ہے۔
اس لیے یہ ضروری ہے کہ بین الاقوامی برادری رابطوں میں رہے اور انسانی بنیادوں پر فوری امداد فراہم اور افغانستان کی معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے میں مدد کرے۔سیکرٹری خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان کو امن ، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔