اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان (آج) جمعرات کو ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کریں گے جہاں وہ کسان کارڈ تقسیم کریں گے۔ وزیراعظم گومل زام ڈیم کے کمانڈ ایریا اور پی اے آر سی ایرڈ ریسرچ اسٹیشنز کا بھی افتتاح کریں گے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان (آج) خیبر پختونخوا کے کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کریں گے، پہلے مرحلے میں صوبے کے 5 لاکھ رجسٹرڈ کسانوں میں سے 2 لاکھ کسانوں میں کسان کارڈ تقسیم کیے جارہے ہیں۔
کسان کارڈ ملک بھر کی تمام اے ٹی ایم مشینوں پر استعمال کیے جا سکیں گے۔پہلے مرحلے میں کسانوں کے ڈیٹا بیس کو بہتر بنایا جائے گا اور انہیں سبسڈی (مشینری ، ان پٹ وغیرہ)فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں کسانوں کو بلا سود/کم مارک اپ پر قرضے فراہم کئے جائیں گے اور فصلوں کی انشورنس کی جائے گی۔
اس کے علاوہ انہیں قدرتی آفات کی صورت میں مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں صوبے میں زراعت کے فروغ کے لیے مالی سال 2021-22 کے دوران کسانوں کو 1048.38ملین روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم گومل ایگری یونیورسٹی کی عمارت کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم گومل زام ڈیم کے کمانڈ ایریا اور پی اے آر سی ایرڈ ریسرچ اسٹیشنز کا بھی افتتاح کریں گے۔