حضرو ۔24ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار اٹک کے عوام کیلئے غازی پروجیکٹ نوکریاں منظور ہو ئیں، اب اٹک کے عوام ہی اس پروجیکٹ میں سرکاری نوکری کر سکیں گے، ضلع کیلئے رائلٹی بھی جلد منظور ہو گی ،ہماری سیاست کا مقصد ملک میں ماحولیات کی بہتری کے ساتھ ساتھ اٹک کے عوام کے مسائل حل کرنا بھی ہے، این اے 56کے 35دیہاتوں کیلئے 2ارب کی گرانٹ منظور ہو چکی ہے، جلد سوئی گیس فراہم کی جائے گی، گوندل کو بجلی اور سوئی گیس کی تمام سہولیات فراہم کرینگے ،عوام کو نہ پہلے مایو س کیا اور نہ ہی آئندہ کرینگے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوندل کی معروف سیاسی وسماجی شخصیات ریاست خان ،قاضی افضال کی اپنی برادری اور گروپ سمیت میجر گروپ چھوڑ کر امین اسلم گروپ میں شمولیت کے موقع پر بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسہ عام سے قاضی افضال ،ریاست خان ،ملک جمیل نے بھی خطاب کیا ، اس موقع پر تحصیل صدر اشفاق خان ،تیمور اسلم ،قیصر خان ،الطاف خان لودھی ،چوہدری ساجد حسن،طارق ٹوانہ ،ملک وقار ودیگر موجود تھے ۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ماحولیاتی پالیسیوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے ، برطانیہ کے وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے سٹیج پر عمران خان کی ماحولیاتی پالیسیوں کو سراہا جو پاکستان کیلئے بڑے عزت اور وقار کا مقام ہے،
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک دلیر لیڈر ہیں یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا کی نظریں ان پر لگی ہوئی ہے، وزیر اعظم مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، عوام کو جلد ریلیف ملنا شروع ہو جائے گا ۔ انہو ں نے کہا کہ غازی بروتھا پروجیکٹ کیلئے اٹک کے عوام نے قربانیاں دیں 30سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود یہاں کے عوام کو حقوق نہیں ملے، اٹک کے عوام کی جنگ وزیر اعظم اور کابینہ کے سامنے لڑی یہی وجہ ہے کہ پہلی بار ضلع اٹک کے عوام کو اس پروجیکٹ میں نوکریاں مل رہی ہیں جس کے اشتہارات اخبارات میں شائع ہو چکے ہیں، بہت جلد اٹک کو غازی بروتھا پروجیکٹ کی رائلٹی بھی ملے گی جس کی وجہ سے اٹک ترقی یافتہ ضلع بن جا ئے گا