کراچی۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے اصرار پر وفاقی حکومت کراچی کے شہریوں کے لیے گرین لائن منصوبے کے بعد جدید الیکٹرک سرکلر ریلوے کا تحفہ دیا جس سے کراچی کے شہریوں کا جدید ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا اور انہیں فرسودہ بسوں کی جگہ آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی، کراچی کیلئے وفاق سے مختلف میگا منصوبوں کا اجراء کروایا گیا،ہم ان تمام منصوبوں پر وزیراعظم پاکستان اور اپنے اتحادی وزارء کے شکر گزار ہیں۔ یقینا یہ منصوبے پیپلز پارٹی حکومت کو آئینہ دکھانے کیلئے کافی ہوں گے کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے صرف بیانات اور دعوئوں سے کام نہیں چلتا۔ انہوں نے یہ بات پیر کو کراچی میں جدید الیکٹرانک سرکلر ریلوے منصوبے کی تقریب سنگ بنیاد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سید امین الحق کا کہنا تھا کہ سرکلر الیکٹرک ٹرین منصوبے کی لاگت کئی سو ارب روپے اور تکمیل 18 سے 24 ماہ میں ہوگی‘ نیا ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا،4 جدید برقی بوگیوں پر مشتمل تیز ترین ٹرین ہر 6 منٹ بعد اسٹیشن پر آئے گی اور اس کے ذریعے روزانہ 5 لاکھ مسافر سفر کر سکیں گے، منصوبے کے بنیادی ڈھانچے پر 20 ارب 70 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انتہائی آرام دہ اور ٹریفک جام سے پاک ٹریک پر گرین لائن بس سروس بھی چند ہفتوں میں شروع ہوجائے گی،یہ دونوں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے خالصتا کراچی کی عوام کے لئے ہیں امید ہے ان منصوبوں کو اپنا سمجھتے ہوئے اسے بگاڑنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ 2017 کی متنازعہ مردم شماری پر ایم کیوایم خاموش نہیں بیٹھی اور وفاق سے مشاورت کا ایک طویل سلسلہ شروع ہوا جو 2023 سے قبل نئی مردم شماری کرانے اور اس کیلئے بجٹ مخصوص کرنے کے فیصلے پر ختم ہوا، اسی طرح کے فورمنصوبے پر وفاق کے تعاون سے کام ہورہاہے۔
ایک سوال کے جواب میں صوبہ سندھ کیلئے وزارت آئی ٹی کے منصوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی نے بتایا کہ سندھ میں فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے، براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور موبائل رابطوں کا نظام بہتر بنانے کے لئے 8 ارب 48 کروڑ روپے کے منصوبے شروع کیئے ہیں۔ جس سے پونے دو کروڑ افراد مستفید ہوسکیں گے۔اسی طرح کراچی میں اسٹیٹ آف آرٹ آئی ٹی پارک بھی 30 ارب لاگت سے بہت جلد شروع کیا جارہا ہے۔
اسی طرح کراچی کے 114 تھانوں میں کرمنل ریکارڈ مینجمنٹ اور ڈیٹا پروسیس کیلئے جدید سافٹ ویئر اور ہارڈویئر فراہم کیا گیا ہے۔سید امین الحق نے پیپلز پارٹی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی کراچی کی خدمت کے دعوئوں کی حقیقت سب جان چکے ہیں، کراچی کی خستہ حال سڑکیں‘سیوریج کی بدترین صورتحال، کچرے کے ڈھیر اور تباہ حال ٹرانسپورٹ سسٹم سندھ حکومت کے تحفے ہیں، اسکول ڈیسک کا معاملہ ہو، جعلی ڈومیسائل پر نوکریاں فروخت کرنے سے لے کر اربوں روپے کی زمینوں پر قبضوں کی کہانی ہو سب کے تانے بانے پیپلز پارٹی سے ہی جا کر ملتے ہیں، 13 برسوں میں کراچی کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں لیکن سندھ حکومت کو تنقید اور بیان بازیوں سے فرصت نہیں۔
دوسری جانب اپنی بساط کے مطابق ایم کیو ایم نے کراچی کیلئے میگا منصوبوں کیلئے انتھک جدوجہد کی، ہم نے دعوے نہیں کام کیا ہےکراچی کی عوام جانتے ہیں کہ ان کا اصل پرسان حال کون ہے ایم کیوایم نے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے، ہمیں کسی کرپٹ سیاسی پارٹی سے عوامی خدمات کا سرٹیفکیٹ نہیں لینا بلکہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانا ہی ہمارا اصل اعزاز ہے۔
C