عوام کی رہنمائی کیلئے ایوانِ صدر سے ہر جمعہ کو 15 منٹ کیلئے بہترین مقررین خطبہ دیں گے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ٹویٹ

119

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عوام کی رہنمائی کیلئے ایوانِ صدر سے ہر جمعہ کو 15 منٹ کیلئے بہترین مقررین خطبہ دیں گے۔

جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے اچھے موضوع پر خطبہ دیا ہے۔ میں نے 2 سال قبل کونسل سے درخواست کی تھی کہ خطیبوں کے لیے کم از کم 52 سماجی موضوعات مثلاً سچائی، صدقہ و خیرات، ہمدردی وغیرہ شائع کئے جائیں۔

واضح رہے کہ ایوان صدر کی جامع مسجد سے پہلی مرتبہ نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطبہ دیا۔

انہوں نے اپنے خطبہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ روزمرہ کے معاملات کی بہتری اور حسن اخلاق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ضرورت مندوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کےلئے احساس ہمدردی اور صلہ رحمی پر مبنی رویوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ انصاف اور ایثار ریاست مدینہ کے بنیادی اصولوں میں شمار ہوتے تھے،

آج کے معاشرے میں بھی ان کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم دنیا میں باوقار اور محترم قوم بن سکیں۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔