اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعہ میں پاک فوج اور لیوی کے جوانوں کی شہادت کی خبر افسوسناک ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید ہونے والے جوانوں کے درجات بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔