اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ویکسین کی مساوی دستیابی، غریب ملکوں کے قرضوں کی ادائیگی میں رعایت، کلائمیٹ فنانس میں اضافہ اور ترقی پذیر ممالک سے چرائی گئی دولت کی واپسی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے تاکہ کوویڈ۔ 19 کی وباء سے بری طرح متاثرہ غریب ممالک کی معاشی بحالی میں مدد دی جا سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس آن ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ (یو این سی ٹی اے ڈی) کے بارباڈوس کی میزبانی میں منعقدہ 15ویں ورلڈ لیڈرز سمٹ ڈائیلاگ سے ورچوئل خطاب کے دوران کیا۔
ویکسین کی غیر مساوی دستیابی پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں ویکسین کی زیادہ سے زیادہ مساوی تقسیم کو یقینی بنائے۔ انہوں نے غریب ممالک کے قرضوں کی ادائیگی میں رعایت کے حوالہ سے اپنی مہم کا حوالہ دیتے ہوئے کوویڈ۔19 کی وباء کے خاتمہ تک ترقی پذیر ممالک کے قرضوں میں رعایت کا مطالبہ بھی کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمہ کیلئے امیر ممالک پر زور دیا کہ وہ کلائمیٹ فنانس میں فی الفور اضافہ کریں تاکہ پاکستان سمیت چھوٹے، کم آمدنی والے اور ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے موجودہ مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر دنیا سے امیر ممالک کو کی جانے والی منی لانڈرنگ (رقوم کی غیر قانونی منتقلی) پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور سالانہ تقریباً ایک کھرب ڈالر ترقی پذیر ممالک سے امیر ممالک کو منتقل ہو رہے ہیں جو ٹیکس چوروں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ رقوم کی بیرون ملک غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے جامع اقدامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ایف اے سی ٹی آئی پینل کی تجاویز پر جلد از جلد عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ترقی پذیر ممالک مؤثر طریقہ سے غربت کے خاتمہ اور انسانی وسائل کی ترقی کو یقینی بنا سکیں۔
انہوں نے کینیا اور گیانا کے صدور اور یو این سی ٹی اے ڈی کے سیکرٹری جنرل سمیت اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کے سربراہوں کو دعوت دی کہ وہ خوشحال، ترقی میں اضافہ، وقت کی اہم ضرورت کے موضوع پر بین الاقوامی مذاکراہ میں شرکت کریں۔ واضح رہے کہ یو این سی ٹی اے ڈی کے تحت کانفرنس بارباڈوس میں 4 تا 7 اکتوبر 2021ء تک ہو رہی ہے جس میں غیر یقینی معاشی صورتحال، عوامی صحت اور اثرات سمیت کورونا وباء کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔