اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قیمتی جانوں کی قربانیاں دے کر ملکی سلامتی و خودمختاری قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا جس پر پوری قوم فخر محسوس کرتی ہے، بعض نام نہاد سیاستدان ذاتی مفادات کو تحفظ دینے اور بوکھلاہٹ کی وجہ سے حکومت اور ملٹری تعلقات کے درمیان کمیونیکشن گیپ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ مہارت کی وجہ سے پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کی دنیا میں ایک پہچان اور مقام ہے، بھارت ہمارا شرپسند ہمسایہ ملک ہے لیکن اس کے باوجود قومی سلامتی کے اداروں نے ملک کو اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھا، بعض بدعنوان سیاستدان ذاتی مفادات کیلئے قومی سلامتی کے اداروں کے اعلیٰ افسروں کی پوسٹنگ و ٹرانسفر پر سیاست کر رہے ہیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عسکری قیادت سے مشاورت کے بعد افہام و تفہیم سے تمام ملکی مسائل حل کر لیں گے۔
انہوں نے سول اور عسکری تعلقات کے خلاف ن لیگ کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سول اور عسکری قیادت کے تعلقات مضبوط ہیں اور پاکستان ترقی کی منازل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ مریم نواز غیرسنجیدہ سیاستدان ہیں جو اپنے پارٹی ورکرز، دوسرے سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو بلیک میل کرتی ہیں، مریم نواز نے اپنے والد کی کرپشن کو چھپانے کیلئے قومی اداروں کے خلاف مہم شروع کی جبکہ دوسری جانب نواز شریف جو کہ علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے تھے اب واپس آنے کیلئے تیار نہیں ہیں، ملکی عدالتیں انہیں مفرور اور اشتہاری قرار دے چکی ہیں، لیگی رہنماﺅں کو چاہیے کہ اپنے قائد کو واپس بلائیں تاکہ وہ عدالتوں میں اپنے خلاف بدعنوانی کیسز کا سامنا کریں۔