راجن پور، شہر خاموشاں پراجیکٹ دسمبر تک مکمل کیا جائے،وزیر مملکت زرتاج گل

60

راجن پور۔13اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں اراکین اسمبلی کی ضلعی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی، ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید، ضیاء اللہ خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران موجود تھے۔

اس موقع پر امن و امان،ترقیاتی منصوبوں،کورونا ایس اوپیز، ڈینگی اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر مملکت زرتاج گل وزیر نے کہا کہ شہر خاموشاں پراجیکٹ دسمبر تک مکمل کیا جائے۔نواحی آبادیوں میں سوئی گیس کی فراہمی دسمبر تک یقینی بنائی جائے۔محکمہ تعلیم بوائز سنٹرآف ایکسی لینس اور بوائز ہائی سکول نمبر1 کی حدبراری اور متعلقہ مسائل حل کرائے۔

قبائلی علاقہ میں امن و امان کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔کورونا ویکسی نیشن کی شرح بہتر کی جائے۔پسماندہ اور دوردراز علاقوں میں موبائل ویکسی نیشن وین بھجوائی جائے۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا کہ بارہ ربیع الاول شان رحمت العالمین ﷺ کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں جلوس،تقاریب اور دیگر مذہبی اجتماعات کیلئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کئے جائیں۔

فریدی بازار سے مانکا کینال تک نئی سیوریج لائن کیلئے کام کیا جائے۔کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ سے منسلک متعلقہ مسائل حل کرائے جائیں۔ٹریفک حادثات سے بچاؤ کیلئے تعلیمی بورڈ چوک کی ری ڈیزائننگ کرائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے کہا کہ ایگزیکٹو انجینئرز فنڈز کی فراہمی،اجراء کیلئے براہ راست ذمہ دار ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کا تصویری ریکارڈ مرتب کرایا جائیگا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم جتوئی نے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 57 ارب روپے لاگت کے 1867 سکیموں پر کام کیا جارہا ہے جن میں سے 687 منصوبوں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔منصوبوں پر 15 ارب روپے خرچ کرلیے گئے ہیں۔