ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی کی سربراہی میں سینیٹ کا وفدجبوتی پہنچ گیا

43

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی کی سربراہی میں سینیٹ کا وفدجبوتی پہنچ گیا۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق جبوتی میں وفد نے اپنی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اوران کے وفدنے جبوتی کے وزیراعظم عبدالقادر کامل محمد اور وزیر خزانہ ایم الیاس موسیٰ دوالہ سے ملاقاتیں کیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹرمرزامحمدآفریدی نے کہاکہ پاکستان جبوتی کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں، تجارتی روابط اور اقتصادی تعاون کے ذریعے تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچایا جائے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور جبوتی عالمی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ بہتر رابطہ کاری کے ذریعے تعاون کو فروغ دے رہے ہیں اور بین الاقوامی امور پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کی حمایت کرتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے جبوتی کی قیادت کی جانب سے کشمیر کے مسئلے پر حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت، پارلیمان اور عوام جبوتی کے بہن بھائیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کیلئے پاکستان کے نقطہ نظر کی حمایت کی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ملاقاتوں میں جبوتی کے وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے جبوتی کے وزیر دفاع سے ملاقات میں دفاعی شعبوں میں بھی معاونت کاری کو بڑھانے پر زور دیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تجارتی شعبوں میں تعاون دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے میں اور عوامی سطح پر روابط کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں اور موجودہ حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مختلف مراعات کا اعلان کر رکھا ہے جس سے جبوتی کے سرمایہ کار بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔

انہو ں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری بھی جبوتی میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے سرمایہ کاری اور تجارتی شعبے میں بہتری کیلئے نئے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ وفد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور ، سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں محمد اور سینیٹر کشیو بائی شامل ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ جبوتی کے دورے کے مستقبل میں بہترین نتائج سامنے آئیں گے اور پاکستان جبوتی تعلقات میں ایک نیا باب رقم کرنے میں مدد ملے گی