اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بصارت سےمحروم افراد کے حقوق کا تحفظ اور انہیں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیاالت کا اظہار انہوں نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال اقوام متحدہ کے زیر احتمام 15 اکتوبر کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ بصارت سے محروم افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں اور انہیں تعلیم اور روز گار کے مواقوں کی فراہمی اور سرپرستی اور رہنمائی کے ذریعہ معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی اس بات کی علامت ہے کہ بصارت سے محروم افراد کسی سے کم نہیں اور یہ محرومی انہیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔سپیکر نے بصارت سے محروم افراد کے حوصلے اور ہمت کو سراہتے ہوے کہا کہ یہ افراد ملک کے ہر شعبے میں نمایہ کردار ادا کر رہےہیں،موجودہ حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی طور پر اہل افراد کے لیے قانون سازی کی تاکہ ان کے مسائل کو حل کیا جا سکے،موجودہ حکومت خصوصی طور پر اہل افراد کو تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے اور احساس پروگرام کے تحت انہیں دو ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ خصوصی طور پر اہل افراد کے سکول، کالجز اور یونیورسٹیاں بنانے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ سپیکر نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں پہلی بار خصوصی طور پر اہل افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں،آن لائن پاکستان کو بریل رسم الخط میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ بصارت سے محروم افراد بھی اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بصارت سے محروم افراد کے لیے قابل رسائی بنایا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہائوس کی عمارت کو بھی خصوصی طور پر اہل افراد کی جسمانی رسائی کو آسان بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بصارت سے محروم خاتون صائمہ سلیم نے جس طریقے سے پاکستان کی نمائندگی کی وہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اگر بصارت سے محروم افراد کو مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کر سکتے ہیں ،
آج کا دن اس عزم کے اعادہ کا دن ہے کہ ہم بصارت سے محروم افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے اور انہیں ملک کا کار آمد شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ سفید چھڑی کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہم بصارت سے محروم افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے باعث بصارت سے محروم افراد بھی دوسرے شہریوں کے شانہ بشانہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بصارت سے محروم افراد کو یکساں تعلیم اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔