وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی محمد اکرم چوہدری کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر سینئر صحافیوں اور کالم نگاروں سے گفتگو

249
Fawad Chaudhry
Fawad Chaudhry

لاہور۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضرورری ایشوز پر واویلا کرنے کے بجائے انتخابی اصلاحات سمیت اہم قومی معاملات پر توجہ مرکوز کرے، حکومت ملک میں ایسی انتخابی اصلاحات چاہتی ہے جس کے بعد الیکشن کے نتائج تمام فریقین کے لئے قابل قبول ہوں، نیب آرڈیننس کے حوالے سے اپوزیشن سے رابطہ کیا جائے گا، اپوزیشن اس آرڈیننس میں کوئی ترمیم لانا چاہے تو لے آئے، جن ترامیم پر حکومت اور اپوزیشن کو اتفاق ہوگا، اسے بل میں شامل کرلیا جائے گا۔ وہ اتوار کو یہاں مقامی ہوٹل میں وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق مشیر اور سیاسی و سماجی شخصیت محمد اکرم چوہدری کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں سینئر صحافیوں اور کالم نگاروں سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے اطلاعات حسان خاور بھی موجود تھے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت صحت کارڈ پروگرام سمیت تین بڑے پروگرام شروع کر رہی ہے جن سے عوام براہ راست مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کارڈ ہر فیملی کے پاس موجود ہوگا جس سے ہر خاندان ساڑھے سات لاکھ روپے تک اپنا علاج کروا سکے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے سی پیک منصوبوں کے بارے میں منفی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ کامیابی سے چل رہا ہے، گوادر پورٹ اور رابطہ سڑکیں بننے کے بعد اگلے مرحلہ میں انڈسٹری لگانے کیلئے نجی شعبہ کو بھی قائل کیا جائے گا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کے سوا کوئی ایسی سیاسی جماعت نہیں جو 800 سے 900 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کر سکے۔ افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ مضبوط اور مستحکم افغانستان کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کیا، اس وقت بھی ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں استحکام آئے اور وہاں نئے لوگوں کی شمولیت کے ساتھ وسیع البنیاد حکومت بنے۔

ہم عالمی قوتوں سے بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ افغانستان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام پورے خطے میں منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔