فیصل آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):خاتم النبیین، رحمت اللعالمین،سرکار دوعالم، فخر موجودات،سرورکائنات حضرت محمدﷺ کا یوم ولادت (12 ربیع الاول بروز منگل ) مذہبی جو ش و خروش اور عقیدت و احترام سے کے ساتھ منایاجائیگا، جشن عید میلاد النبیؐ کے شایا ن شان انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں نیزاس مقدس و بابرکت موقع پر آج ڈویژن کے چاروں اضلاع سمیت ملک بھر میں سیرت کانفرنسز، جلسے جلوسوں اور محافل نعت و درودووسلام کا بھی انعقاد کیا جائیگاجن سے خطاب کے دوران علما کرام، مشائخ عظام، دینی رہنما، مذہبی دانشور سرور کونین ؐکے اسوۂ حسنہ اور سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔
اس موقع پر فیصل آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں خصوصی ریلیوں و دیگرمذہبی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے نیز حضور نبی پاکؐ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا جا ئیگا۔
دوسری جانب نجی سطح پر بھی جشن عید میلاد النبیؐ کے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں، شاہرات کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر زیبائشی اشیاء سے دلہن کی طرح سجادیاگیاہے
جس سے جشن عید میلاد النبی ؐکی خوشیاں اور رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں۔ موقع کی مناسبت سے بچوں اور نوجوانوں میں بھی زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور انہوں نے جگہ جگہ خوبصورت پہاڑیاں بنانے کاعمل مکمل کر لیاہے۔آج 12 ربیع الاول کے سلسلے میں منعقدہ پروگراموں کے دوران علما، خطبا، آئمہ حضرات مساجد میں سیرت النبیؐاور حیات طیبہ پر روشنی ڈالیں گے۔
عیدمیلاد النبی ؐکے جلوسوں کے راستوں میں دودھ، شربت کی سبیلیں لگانے، مٹھائی و لنگر تقسیم کرنے کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مذکورہ جلوسوں کے موقع پر منعقدہ تقاریب میں رضا کار مارچ پاسٹ کرتے ہوئے جلوسوں میں شامل فرزندان اسلام اور مہمانان گرامی کو سلامی پیش کریں گے۔
جشن عید میلاد النبیؐ کے بابرکت، مقدس و پر مسرت موقع پر گیریژنز میں بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی جائے گی نیز گیریژنز سمیت ملک بھر کی تمام مساجد میں قرآن خوانی ہو گی اور اسوۂ حسنہ پر روشنی ڈالنے کے علاوہ ملکی بقا، وطن عزیز کی سلامتی،
قومی استحکام، نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت، اسلام کی سر بلندی، آئین و قانون کی بالادستی، اتحاد بین المسلمین، بین المذاہب ہم آہنگی، اتحاد و یگانگت، بھائی چارے کی فضاکے فروغ، مستقل بنیادوں پر امن کی بحالی، دہشت گردی،انتہا پسندی،بد امنی، غربت، بیروز گاری، مہنگائی کے خاتمہ، عوامی فلاح و قومی خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔اس سلسلے میں مرکزی علما کونسل پاکستان کے سربرا ہ مولانازاہد محمود قاسمی سمیت مختلف مسالک کے علما کرام، مشائخ عظام،
مذہبی دانشوروں نے کہا ہے کہ حضور پاکؐ کی حیات طیبہ کو مشعل راہ بنا کر شب و روز گزارنے سے زندگی کے تمام شعبوں میں زبردست کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسوۂ رسول ؐ کو عام کر کے بھلائی اور خیر خواہی کے کاموں پر توجہ مرکوز رہنی چاہیے، لوگوں کی جان و مال کا تحفظ اور اعلیٰ انسانی اقدار کی سربلندی ہی انسانیت کی معراج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم جس رسول کریمؐ کے نام لیوا ہیں اپنے طرز زندگی سے پورے عالم اقوام پر یہ واضح کر دیں کہ اسلام اور امن ایک ہی چیز ہے جہاں اسلام اور مسلمان ہوں گے وہاں امن اور خیر خواہی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ آپؐ کی ذ ات و کردار مسلمانوں کیلئے واجب التقلید نمونہ ہے، آپؐ نے تمام عمر رواداری اور برداشت کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نفسا نفسی اور پر آشوبی کے دور میں حضورؐ کی تعلیمات، کردار اور حیات طیبہ کو مشعل راہ بنا کر ہم معاشرے میں امن و امان اور احترام انسانیت پیدا کرنے سمیت فلاحی معاشرے کا قیام عمل میں لاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج عید میلاد النبیؐ کے موقع پرہمیں یہ عہد بھی کرنا ہو گا کہ ہم اپنے باہمی اختلافات بھلا کر اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرتے ہوئے محنت، لگن،دیانت سے ملکی و قومی تعمیر و ترقی میں اپنا کر دار ادا کریں گے۔