آپﷺ ہمارے سمیت قیامت تک آنے والے مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہیں، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

152

فیصل آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آپﷺ ہمارے سمیت قیامت تک آنے والے مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہیں، آپﷺ کی پیروی کرکے ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں، ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں وزیر اعظم عمران خان نے رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا،اسکا مقصد نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے جوڑے رکھنا ہے،سیرت النبیﷺ کو باقاعدہ طور پر نصاب کا حصہ بنایا گیا یے، وزیراعظم عمران خان نے کوشش کی کہ کوئی بھوکا نہ سوئے، پناہ گاہیں، لنگر خانے قائم کیے گئے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان بھی ریاست مدینہ طرز کی ریاست ہوگی جہ لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی ہوگا۔ وہ 12 ربیع الاول بروزمنگل کلاک ٹاور فیصل آباد میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے،فیصل آباد کے اراکین پارلیمنٹ، تاجر برادری، شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان اسلام کو جشن عید میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے تمام جہانوں کے لئے رحمت اللعالمین بنا کے بھیجا ہے، پوری دنیا میں ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان ہیں جو آپ ﷺکی پیروی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ آپ ﷺکی سیرت پر چل کے ہم اپنی زندگی اور آخرت سنواریں،اس سے بڑی کوئی نعمت نہیں ہوسکتی کہ ہم حضرت محمد ﷺکے امتی ہیں،آپ ﷺ نے ریاست مدینہ کا نظام قائم کیاجو کمزور طبقے کے حقوق اور انصاف کی بنیاد پرفلاحی ریاست بنی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 3 تا 13ربیع الاول عشرہ رحمت اللعالمین سرکاری سطح پر منایا جارہا ہے، پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد ہورہیں ہیں، عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ہم نے حضور ﷺ کے اسوہ حسنہ سے سبق لینا ہے کہ آپ نے کسطرح تعلیم، یتیموں، مسکینوں کے حقوق کے لئے کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں وزیر اعظم عمران خان نے رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا،اسکا مقصد نئی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے جوڑے رکھنا ہے، سیرت النبیﷺ کو باقاعدہ طور پر نصاب کا حصہ بنایا گیا یے، ہم نے پاکستان کو بھی ریاست مدینہ طرز کی ریاست بنانا ہے جو کہ وزیراعظم عمران خان کا خواب بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کوشش کی کہ کوئی بھوکا نہ سوئے، پناہ گاہیں،

لنگر خانے قائم کیے گئے،اگر ہم نے اس وطن عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں نبی پاک ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا،وہ وقت دور نہیں جب پاکستان بھی ریاست مدینہ طرز کی ریاست ہوگی ریاست لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔