پاکستان کے ہائی کمشنر کی بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات

169

ڈھاکہ۔25اکتوبر (اے پی پی):بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خیر سگالی اور دوستی کا پیغام پہنچایا۔ پیر کو یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر کی یہاں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ دوسری ملاقات تھی۔

ہائی کمشنر نے وزیر اعظم عمران خان کا خیر سگالی اور دوستی کا پیغام پہنچایا۔شیخ حسینہ واجد نے بنگلہ دیش کے عوام اور اپنی جانب سے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ہائی کمشنر نے اپنے سفارتی ذمہ داریوں کہ ادائیگی میں ان کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ہائی کمشنر نے او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے مرحوم وزیر اعظم شیخ مجیب الرحمن کے 1974 میں پاکستان کے دورے کے دوران مصروفیات کی وڈیوز، لاہور میوزیم میں شیخ مجیب الرحمن کے پورٹریٹ کی تصویر، پاکستانی آرٹسٹوں کے خطاطی کے نمونوں پر مبنی ایک کتاب کے تحائف پیش کئے،وزیر اعظم حسینہ نے تحائف کے لیے ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ 45 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔