سعودی عرب نے پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا ،معاشی معاونت پر سعودی قیادت کے شکرگزار ہیں،محمد طاہر محمود اشرفی

87

ریاض۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہے کہ انہوں نے اس مشکل حالات میں جب کہ پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے معاشی و اقتصادی مسائل کا شکار ہے،

پاکستان کی جس انداز سے اقتصادی اور معاشی میدان میں حمایت، تائید اور مدد کی ہے بلا شبہ اس پر پاکستان کی قوم، حکومت، ریاست، عوام سب اس پر شکر گزار ہیں اور یہ سمجھتے بھی ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب دو ایسے دوست ملک ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کندھے کے ساتھ کندھا ملا کر کھڑے ہیں،

ہمارے اور سعودی عرب کے درمیان محبت اور اخوت، ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے اور وقت نے یہ ثابت کیا ہے جب بھی کوئی مشکل مرحلہ آیا سعودی عرب نے پاکستان کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑا ہے۔ یہ بات انہوں نے ریاض (سعودی عرب) میں اپنے ایک بیان میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب کے دورہ سعودی عرب کے فوراً بعد سعودی عرب کی طرف جو ہماری معاشی اور اقتصادی میدان میں امداد کا اور تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے، ا س پر ہم اللہ کا شکر بھی ادا کرتے ہیں اور سعودی عرب کی قیادت خصوصاً شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح پاکستان سعودی عرب دوستی کو لازوال بنایا ہے اور ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر پورے عالم کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب ایک ہیں،

ہمارا استحکام، ہمار ا دفاع ، ہماری سلامتی، ہمارا دین، ہمارا عقیدہ ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اس دوستی اور اس اتحاد کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور اس پر یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم نے اس پر جو محنت اور کوشش کی اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس حوالے سے دنیا پر یہ واضح کیا ہے اور آج صبح ان کا جو پیغام آیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے شکریہ کا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اور دوستی مشکل حالات ہوں یا بہتر ہوں اس پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہے