بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایف ایم پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

204

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیز قیمتی اثاثہ ہیں،ان کیلئے ہر ممکن آسانیاں پیدا کریں گے،یہ وقت ڈیجیٹل ڈپلومیسی کا ہے،قونصلر سروسز کو بہتر کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں،پورٹل کا مقصد عوام کیلئے آسانی پیدا کرنا ہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں ایف ایم پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

قبل ازیں وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے VISION FO کے تحت ایف ایم پورٹل کا افتتاح کیا۔ ایف ایم پورٹل کا آغاز 187 ممالک میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے آسانی اور سہولت پیدا کرنے کے لئے کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے مسائل کے فوری حل، تاثرات، شکایات اور تجاویز کیلئے اس پورٹل کو بروئے کار لا سکیں۔

یہ پورٹل وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور وزیر خارجہ کے ڈیجیٹل ڈپلومیسی ایجنڈے اور پبلک ڈپلومیسی انیشی ایٹو کے مطابق شروع کیا گیا ہے۔اس ایپ کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پرائم منسٹرز پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی مدد سے تیار کیا ہے۔

ایف ایم پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سروسز کی فراہمی میں بہتری لانے کے لئے دفتر خارجہ میں کئے گئے اصلاحاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جن میں دستاویزات کی تصدیق کیلئے معیاری طریقہ کار کا آغاز ،جعلسازی کے امکانات کو کم کرنے کے لیے کیو آر کوڈ، ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز ،پاکستان کے اندر کورئیر سروسز کے ذریعے دستاویزات کی تصدیق، مشنز کے ذریعے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کی آن لائن تصدیق، اوورسیز پاکستانیوں کو جانشینی کے سرٹیفکیٹ اور انتظامی خطوط کے اجراء کے لئے بیرون ملک 16 مشنز میں نادرا کاؤنٹرز کے قیام کا منصوبہ ،جیسے اقدامات شامل ہیں۔

دفتر خارجہ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پولیس محکموں کے ساتھ بھی مشاورت کر رہا ہے تاکہ پنجاب اور آئی سی ٹی پولیس کے مطابق پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجراء کو ڈیجیٹل بنایا جا سکے۔مزید برآں اب تک 14 مشنز کو پنجاب لینڈ ریکارڈ سسٹم کے "میوٹیشن” اور "رجسٹریشن” دستاویزات کے ڈیجیٹل ریکارڈ تک رسائی دی جا رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایف ایم کے ڈیجیٹل ڈپلومیسی ایجنڈے کے تحت ، پچھلے سال وزیر خارجہ نے "ایف ایم ڈائریکٹ ایپ” کا آغاز کیا جبکہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں ہمارے قونصلیٹ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ایک اینڈرائیڈ ایپ "Pakistan in KSA” لانچ کی ہے۔ اسی طرح، عمان اور کویت میں ہمارے مشنز کی طرف سے سفارتخانے کے پورٹل ایپس کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ روابط کو بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ نے دبئی اور گردونواح میں مقیم پاکستانیوں کو مختلف خدمات فراہم کرنے کے لئے ایک اینڈرائیڈ ایپ "Pak In Dubai” بھی لانچ کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری ہدایت پر تمام مشنز اپنی اپنی کمیونٹیز کے پاکستانی ممبران کے ساتھ، ماہانہ ای کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔آج مجھے یہ بتاتے ہوئے مسرت محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان کے تمام 114 مشنز، آن لائن جڑے ہوئے ہیں اور ٹویٹر، فیس بک اور انسٹاگرام پر فعال اور متحرک ہیں۔

وزیر خارجہ نے اس ایپ کی تیاری میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پرائم منسٹرز پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کی معاونت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اسے اہم قومی خدمت قرار دیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ،اسپیشل سیکرٹری رضا بشیر تارڑ، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سینیئر افسران بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔