اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی ضمانتیں ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ضبط ہوں گی، مراد علی شاہ کی اپنی کارکردگی صفر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی باصلاحیت کہلوانے والی حکومتوں نے ملک کو تباہ کیا، ہم دہائیوں سے دھاندلی زدہ جماعتوں کو دفن کر کے سیاست میں آئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے سو کالڈ چیمپئن دراصل کرپشن چیمپئن ہیں، پیپلز پارٹی کی ضمانتیں ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ضبط ہوں گی۔
انہوں نے کہاکہ مراد علی شاہ کی اپنی کارکردگی صفر ہے، سندھ بدترین بد انتظامی کا شکار ہے، جن کی سرکردگی میں کرپشن کا بازار گرم ہو وہاں کارکردگی صفر ہی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم لیڈر کے حوصلے کی وجہ سے اوپر جاتی ہے، کابینہ ہو یا کرکٹ ٹیم وزیراعظم کی لیڈرشپ رول ماڈل کی وجہ سے کارکردگی دکھا رہی ہے۔