اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے بلاول زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سندھ پر دہائیوں سے مسلط ڈکیت عمران خان کے نام سے خائف ہیں۔ بدھ کو اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کا خطاب سن کر یقینا ‘چور کی داڑھی میں تنکا’ کے مصداق آپکی پریشانی بنتی ہے۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ سندھ میں آئے روز کاروکاری اور اغوا کے واقعات ، سینکڑوں گھوسٹ اسکول و ہسپتال آپ کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ سکول اور ہسپتالوں کے فنڈز ہڑپنے والی سندھ سرکار نے سندھ کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، صحت و تعلیم پر خرچ ہونے والا بجٹ بلاول ہاوس کی کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا۔
انہوں نے کہاکہ سندھ سرکار کے پاس نااہلی چھپانے کا ایک ہی طریقہ وفاق پر تنقید ہے، تھر میں رواں سال قحط کی وجہ سے 497 بچے انتقال کرگئے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ پرچی چیئرمین کبھی میڈیا پر اس ظلم و نااہلی کا بھی حساب دیں۔