اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر نور الحق قادری نے جمعہ کو اسلام آباد میں عراقی سفیر حامد عباس لفتہ سے ملاقات کی جس میں شیخ عبد القادر جیلانی کے عرس کے موقع پر ویزوں کے اجراء اور زائرین کی سہولیات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نے عراقی سفیر سے گیارہویں شریف کے موقع پر کم از کم 5 ہزار ویزوں کے اجراء کی سفارش کی ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اس موقع پر عاشورہ اور اربعین کی طرح گیارہویں شریف کے موقع پر پاکستانی زائرین کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔
عراقی سفیر نے کہا کہ پاکستانی زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو گیارہویں شریف کے موقع پر پاکستانی زائرین کے ویزوں کے اجراء اور سہولیات کے لیے عراقی وزارت داخلہ و خارجہ امور سے رابطے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ملاقات میں عراقی سفیر کے ساتھ ویزہ قونصلر اور سفارت خانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ چیئرمین پی آئی اے سے کراچی اور لاہور سے بغداد کے لیے براہ راست پروازوں کے لیے بات ہوئی ہے۔گیارہویں شریف کے لیے کراچی اور لاہور سے خصوصی پروازیں چلانے پر بھی بات ہوئی ہے۔ چیئرمین پی آئی اے نے پاکستانی زائرین کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔